اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے میانوالی میں چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیاچشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پراجیکٹ بذات خود ایک بہت بڑا سنگ میل ہے، ایک عظیم کامیابی کی کہانی اور دو عظیم دوستوں کے درمیان تعاون کی شاندار علامت ہے۔ میں شی جن پنگ اور چینی حکومت کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چشمہ 5 جوہری منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کا عکاس ہے، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، افواہیں پھیلائی جارہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کرے گا، ایسے منصوبوں کا افتتاح موثر ردعمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی منظوری سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حمایت پر مشکور ہیں۔ گزشتہ 4 ماہ میں چینی حکومت نے پاکستان کو معاشی دباؤ سے بچانے کے لیے کئی اقدامات کیے
وزیراعظم نے کہا کہ ایٹمی توانائی کا منصوبہ ماحول دوست ہوگا، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے بھی منصوبے کو محفوظ قرار دیا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر وزیر توانائی خرم دستگیر، احسن اقبال اور چینی حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سے 1200 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، سی 5 پاور پلانٹ کے قیام سے بجلی کا شارٹ فال 1200 میگاواٹ کم ہوگا۔