اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین، سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین، سپیکر اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کی تنخواہوں میں حالیہ اضافے کا فوری نوٹس لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم تنخواہوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ کریں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے تنخواہوں میں اضافے اور معاشی صورتحال پر عوامی ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ بجٹ پیش کرنے سے صرف ایک روز قبل حکومت نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اور سینیٹ کے چیئرمین کی تنخواہوں میں 500 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اب قومی اسمبلی کے سپیکر اور سینیٹ کے چیئرمین کی ماہانہ تنخواہیں اڑھائی لاکھ روپے سے بڑھا کر تیرہ لاکھ تک کر دی گئی ہیںجبکہ تنخواہوں میں اضافہ بھی یکم جنوری 2025 سے نافذ کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اسپیکر، سینیٹ کے چیئرمین اور دیگر کی تنخواہوں میں اضافے پر عوامی تنقید کے بعد اسے معاشی فحاشی قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے تنخواہوں اور مالی مراعات میں اضافے کی مخالفت کی ۔