اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)دوحہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حماد کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن قائم رکھنے اور قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے دوحہ کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی اور جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قطر پر حملہ نہ صرف اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی پامالی ہے، اور پاکستان ہر حال میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔
شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت فوری طور پر روکنے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی قطر کی درخواست کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
امیرِ قطر نے وزیراعظم کی سربراہ اجلاس میں شرکت اور اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور مشیر طارق فاطمی بھی شریک ہوئے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، مصر کے صدر عبدالفتح السیسی، شاہِ اردن عبداللہ دوم اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں فلسطین کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔