اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے ثقافت کا دن منانے والے سندھی بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی تہذیب ہزاروں سالوں سے نہ صرف اس خطے بلکہ انسانیت کی تہذیب میں بھی خوبصورتی کا اضافہ کر رہی ہے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن باب اسلام سندھ کی تہذیب و ثقافت کا دن ہے اور یہ پاکستان میں وفاقی اکائی کی خوبصورتی کو اجاگر کرتا ہے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سندھی ثقافت سندھی روایت اور اسلامی ثقافت کا حسین امتزاج ہے۔
انہوں نے کہا کہ موئن جو دڑو سندھی ثقافت کی ماں ہے اور پاکستان کا ثقافتی تنوع ملک کی طاقت اور خوبصورتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے تسلیم کیا ہے کہ ثقافت انسانیت کا اجتماعی ورثہ ہے۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے دنیا بھر میں بسنے والے سندھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سندھی اجرک اور ٹوپی کے خوبصورت رنگوں کے علاوہ دیگر ثقافتوں کے لیے محبت اور احترام کو فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی روایت نے پوری دنیا کی محبتیں سمیٹ لی ہیں۔