اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کی قیادت نے حکومت کی جانب سے ریلیف پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ آئندہ سیاسی اجتماعات میں حکومت کے معاشی اقدامات اور ریلیف کو اجاگر کیا جائے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے آکر تباہ حال معیشت کو سنبھالا، عمران خان کی پالیسیاں ملک کو سری لنکا جیسی صورتحال کی طرف لے جارہی ہیں، مخلوط حکومت عوام کو مزید ریلیف دینے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت اور موجودہ حکومت کے معاشی اقدامات میں فرق کو اجاگر کیا جائے، ورکرز کنونشن میں حکومتی پالیسیوں کو مثبت انداز میں اجاگر کیا جائے۔
وزیراعظم نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے معاشی اقدامات اور ریلیف کو اجاگر کریں جبکہ ملک کے دیوالیہ ہونے کے حکومت مخالف بیانیے کی ہر ممکن تردید کریں۔