اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں انہوں نے گزشتہ روز ہیلی کاپٹر میں لاپتہ ہونے والے فوجی افسران پر تشویش کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے آرمی ایوی ایشن کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کے حوالے سے تازہ ترین معلومات حاصل کیں اور 12 کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 فوجی افسران اور جوانوں کے تحفظ کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بہترین پیشہ ور اور بہت اچھے انسان ہیں۔ میری دعا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد محفوظ رہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ملک کے ان بہادر بیٹوں کی بحفاظت واپسی کے لیے دعا کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اس حادثے پر شدید غمزدہ اور افسردہ ہے۔ آرمی چیف سے گفتگو میں وزیراعظم نے سیلاب زدگان کے لیے امدادی کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فرض شناس بیٹے خدمت کی عظیم مثال بن کر آگے آئے ہیں۔