اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے وزیر اعظم اور آرمی چیف کا پشاور پہنچنے پر استقبال کیا۔
شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور باجوڑ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی، انہوں نےزخمیوں کی خیریت دریافت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دھماکے میں متاثرہ خاندانوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ قوم دکھ کی گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور غم میں برابر کی شریک ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قوم کے تعاون سے بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کو یقینی بنائیں گے۔
دورہ پشاور کے دوران وزیراعظم کو صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، انہیں باجوڑ خودکش دھماکے، تحقیقات میں پیشرفت، منصوبہ سازوں، دہشت گردوں، سہولت کاروں کے درمیان روابط کے خاتمے اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا اور بتا یا گیا کہ حملے میں افغان شہری ملوث ہیں ۔
شہباز شریف نے خودکش دھماکوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے، سرحد پار سے شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی منصوبہ بندی اور پاکستان دشمن عناصر کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔