اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔
پیر کو بینکنگ کورٹ اسلام آباد کی جج رخشندہ شاہین نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں بھی 10 نومبر تک توسیع کردی۔
مزید برآں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے تھانہ ترنول میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ آج ہونے والی سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کی جائے۔
عدالت نے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 9 نومبر تک ملتوی کر دی۔