اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اہم اجلاس میں ملک کے 11 اضلاع میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، وائس کمیونیکیشن اور فائبر آپٹیکل کیبل کے 9 بڑے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
سیکرٹری آئی ٹی اور چیئرمین بورڈ کے مطابق، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کی ہدایت پر شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان ڈیجیٹل تفریق کو ختم کرنے کے اقدامات میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
ان منصوبوں کی مجموعی مالیت 13 ارب روپے سے زائد ہے اور یہ تقریباً 55 لاکھ افراد کو سہولت فراہم کریں گے۔ اس سے 11 اضلاع کے 178 ٹاؤنز، یونین کونسلز اور 753 گاؤں کے مکین ڈیجیٹل دنیا سے جڑ سکیں گے۔
چیئرمین یو ایس ایف بورڈ کا کہنا ہے کہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل کنکٹیویٹی کے ذریعے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا۔ یو ایس ایف کے پہلے سے جاری منصوبوں سے اب تک دیہی علاقوں کے تقریباً 3 کروڑ 94 لاکھ افراد کو کنکٹیویٹی سروسز تک رسائی حاصل ہو چکی ہے۔
سیالکوٹ، نارووال، زیارت اور کوئٹہ کے اضلاع میں تین منصوبوں کے تحت 1428 کلومیٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی جائے گی، جبکہ عمرکوٹ، گجرانوالہ، کوہاٹ، خضدار، مظفرگڑھ، مانسہرہ اور منڈی بہاءالدین میں چھ منصوبے براڈ بینڈ سروسز کے لیے شامل ہیں۔اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل حفیظ الرحمان، ممبر ٹیلی کام جہانزیب رحیم، محمد یوسف اور عائلہ ماجد بھی شریک ہوئے۔