اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )قومی کرکٹرز کے اگلے سینٹرل کنٹریکٹ میں سرخ اور سفید بال کی کیٹیگریز ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ روایتی انداز میں اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں ملیں گے، سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد میں بھی کمی کی جائے گی۔
گزشتہ سال سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 33 تھی، نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 25 یا 26 کرنے کی اور سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضوں میں 100 فیصد سے زائد اضا فے کی تجویز ہے ،ذرائع کے مطابق تینوں فارمیٹس کی میچ فیس میں 25 فیصد جبکہ ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے اور سلیکشن کمیٹی کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا، سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان سلیکشن کمیٹی کے اعلان اور چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا،۔ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کیلئے انضمام الحق مضبوط امیدوار ہیں،واضح رہے کہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت 30 جون کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد اس میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔