اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)اساتذہ اور والدین کی جانب سے اب الزامات اور دباؤ بڑھتا جا رہا ہے کہ البرٹا کے وزیر تعلیم ڈیمیٹریوس نکولائیڈز اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔
ہفتے کے روز ایڈمنٹن اور ریڈ ڈئیر سے دو اسکول بسوں میں بھر کر مظاہرین وزیر کے حلقے کیلیگری-بو پہنچے۔یہ عوامی مفاد البرٹا نامی غیر منافع بخش تنظیم کی مہم تھی۔
PIA کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریڈلی لافورچون نے کہاہماری آج کی کوشش یہ ہے کہ وزیر اور وزیر اعلیٰ پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ ٹیچرز کے ساتھ منصفانہ معاہدے کے لیے دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئیں۔ ہم پچھلے تین ہفتوں سے اس جدوجہد میں شامل ہیں۔”
یہ صوبہ گیر ہڑتال 6 اکتوبر سے جاری ہے، جس کے باعث تقریباً 7.5 لاکھ طلبہ اور 51 ہزار اساتذہ (پبلک، کیتھولک اور فرانکوفون اسکولوں کے) متاثر ہیں۔
ایڈمنٹن پبلک اسکولز کی ٹیچر سینڈی کلے نے کہایہ واقعی ناقابلِ یقین بات ہے کہ ہمیں ایسی صورتحال کا سامنا ہے۔ میں نے یہ پیشہ بچوں کی خاطر اختیار کیا تھا، لیکن اب ہم صحیح مؤقف کے لیے کھڑے ہیں۔ یو سی پی حکومت جن پالیسیوں کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، وہ مذاکرات کرنے پر آمادہ ہی نہیں۔
کیلیگری کی ٹیچر اور والدہ امرت رائے ننن نے کہا کہ ان کا خاندان اس تحریک میں پوری طرح شامل ہے:
"ہمارے گھر میں تینوں فریق شامل ہیں — میں ٹیچر ہوں، میرے شوہر بھی ٹیچر ہیں اور بیٹی گریڈ 12 میں ہے۔ ہمیں معلوم تھا کہ تنخواہ نہیں ملے گی اور بیٹی کے لیے یہ اہم تعلیمی سال ہے، مگر اس سب کے باوجود ہمیں یقین ہے کہ ہم درست مؤقف پر ہیں۔
اسی دوران جینی ییریمی نے نکولائیڈز کے خلاف ریکال پٹیشن دائر کر دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ نہ وزیر تعلیم بننے کے اہل ہیں اور نہ اپنے حلقے کی نمائندگی کے۔
اس پٹیشن کو کامیاب ہونے کے لیے 90 دنوں میں 16 ہزار سے زائد دستخط درکار ہوں گے، جو متعلقہ انتخابی حلقے کے ووٹرز کے ہونے چاہئیں۔
ییریمی نے کہاہماری بات کسی بھی مسئلے پر نہیں سنی جا رہی۔ البرٹا پنشن پلان ہم نہیں چاہتے تھے، پھر بھی مسلط کیا جا رہا ہے۔ صوبائی پولیس فورس ہم نہیں چاہتے، پھر بھی لائی جا رہی ہے۔ ہم سی پی پی نہیں چھوڑنا چاہتے، نہ ہی صحت کے نظام کو نجی سرمایہ کاروں کے حوالے کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے ہم اس حکومت کو اس طرح حکومت کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔”