اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)اونٹاریو کی آڈیٹر جنرل نے کہا ہے کہ صوبہ بچوں کی دیکھ بھال کے قومی پروگرام کے اہداف پورے کرنے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے، چاہے وہ والدین کی فیسوں میں کمی ہو، نئے مراکز کے لیے جگہوں کی تخلیق ہو یا تربیت یافتہ عملے کی شرح بڑھانے کا ہدف۔
آڈیٹر جنرل شیلی اسپینس کے دفتر نے بدھ کے روز چار خصوصی رپورٹس جاری کیں جن میں سے ایک میں اونٹاریو کی جانب سے 10 ڈالر یومیہ چائلڈ کیئر پروگرام پر عمل درآمد کا جائزہ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق کئی صوبے پہلے ہی والدین کی فیسیں اوسطاً 10 ڈالر روزانہ تک لے آئے ہیں لیکن اونٹاریو اپنے موجودہ منصوبے کے تحت اس ہدف تک پہنچنے کی راہ پر نہیں ہے۔
وفاقی حکومت کے ساتھ 2022 میں طے پانے والے معاہدے کے تحت اونٹاریو نے دسمبر 2026 تک 86 ہزار نئی جگہیں پیدا کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن آڈیٹر جنرل کا کہنا ہے کہ 2024 کے آخر تک صوبہ اپنے عبوری ہدف کا صرف 75 فی صد حاصل کر سکا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس حکومت نے جگہوں کی تخلیق کے اہداف مختص کرنے کا طریقہ بدل دیا تھا اور ضرورت مند علاقوں پر توجہ دینے کے بجائے ان علاقوں کو ترجیح دی گئی جہاں جلدی جگہیں بنائی جا سکتی تھیں تاکہ مجموعی ہدف پورا کرنے کے امکانات بڑھ جائیں۔
اسی طرح اگرچہ رجسٹرڈ ارلی چائلڈ ہُڈ ایجوکیٹرز کی تعداد بڑھی ہے لیکن یہ اب بھی صوبے کے ہدف سے کم ہے۔ حکومت نے 2022 میں اندازہ لگایا تھا کہ 2026 تک مزید 8 ہزار 500 ایجوکیٹرز درکار ہوں گے لیکن آڈیٹر جنرل کے مطابق یہ ضرورت اب بڑھ کر 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے