اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد
لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔یہ میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کراچی کنگز نے 129 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔ میچ کے اختتامی لمحات انتہائی سنسنی خیز رہے اور فیصلہ آخری گیندوں پر ہوا۔ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں، تاہم محمد وسیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 38 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو سنبھالا دیا۔ ان کے علاوہ سعد بیگ نے 19، معین علی نے 18 اور خوشدل شاہ نے 13 رنز بنائے۔ کپتان ڈیوڈ وارنر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان آغا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
میچ کے آخری اوورز میں اعظم خان نے 14 اور عباس آفریدی نے 10 رنز بنا کر ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی۔لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مستفیض الرحمان اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ حسیب اللہ خان نے 28 رنز اسکور کیے۔ سکندر رضا نے 19، محمد نعیم نے 13 اور پرویز حسین ایمان نے 12 رنز بنائے، جبکہ دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
کراچی کنگز کی جانب سے ایڈم زمپا، میر حمزہ اور معین علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسین علی، سلمان آغا اور عباس آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔میچ مجموعی طور پر دلچسپ اور اعصاب شکن رہا جس میں کراچی کنگز نے دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے اہم فتح اپنے نام کی۔