اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین کے مطالبے کے مطابق وزیر آباد حملے کی ایف آئی آر کے اندراج کے لیے لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت سپریم کورٹ کی مختلف رجسٹریوں میں درخواستیں دائر کر دیں۔
عمران خان نے پنجاب پولیس کے ان افراد کو نامزد نہ کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے جن کا حوالہ اپنی ایف آئی آر میں پی ٹی آئی چیئرمین نے دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی درخواستوں میں سینیٹر اعظم سواتی کی لیک ہونے والی ویڈیو اور کینیا میں صحافی ارشد شریف کے قتل کے معاملات پر بھی نوٹس لینے کا کہا گیا ہے
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں شاہ محمود قریشی، عثمان بزدار اور دیگر ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا کی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ ان معاملات پر ازخود نوٹس لے کر کارروائی کی جائے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پی ٹی آئی کے 26 قانون سازوں کی جانب سے دو درخواستیں جمع کرائی گئیں۔
اپنی درخواستوں میں پی ٹی آئی نے عمران خان پر حملے، اعظم سواتی کی لیک ہونے والی ویڈیو اور ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
اسی طرح کی درخواستیں پشاور رجسٹری میں پشاور اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر محمود جان، عاطف خان، شوکت یوسفزئی، کامران بنگش، ڈاکٹر امجد، سینیٹر عثمان ترکئی اور دیگر نے جمع کرا ئیں