اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ ملاقات میں کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی۔
بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی اور پارٹی کی مرضی شامل تھی تاہم یہ غیر سیاسی ملاقات تھی اور اس میں سیاست پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تمام سیاستدان غم کے موقع پر ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور ایک دوسرے سے تعزیت کرتے ہیں۔
آئندہ ملاقاتوں کے حوالے سے اسد قیصر نے کہا کہ وقت ہی بتائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی جب کہ پی ڈی ایم ماڈل پر نئے سیاسی اتحاد کی تجویز پر غور کیا گیا۔
انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع کے لیے سیاسی جدوجہد پر اتفاق کیا گیا، مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی وفد سے یقین دہانی مانگ لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاسی اتحاد کے لیے مکمل مینڈیٹ لے کر آئیں۔ اندرونی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے وفد نے چیئرمین پی ٹی آئی سے نئے سیاسی اتحاد پر مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا جب کہ نئے سیاسی اتحاد میں پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو بھی شامل کرنے پر غور کیا گیا۔
126