اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)تحریک انصاف نے 5 اگست 2025 کو مجوزہ ملک گیر احتجاج کے لیے اسلام آباد میں اجتماع یا دھرنے کے بجائے ہر ضلع میں الگ الگ مظاہروں کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پشاور میں احتجاجی ریلی حیات آباد ٹول پلازہ سے قلعہ بالا حصار تک نکالی جائے گی، جو رات گئے تک جاری رہے گی۔ بانی چیئرمین کی ہدایات پر مبنی تحریک تحفظ آئین اور تحریک انصاف کی قیادت کے مطابق پشاور ریجن کا شیڈول درج ذیل ہے
پشاور اور خیبر کے اضلاع کے کارکنان سہ پہر 3:30 بجے حیات آباد ٹول پلازہ، رنگ روڈ پر جمع ہوں گے، جہاں سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں قلعہ بالا حصار تک ریلی نکالی جائے گی۔
صوابی میں کارکنان امبار انٹرچینج پر جمع ہو کر بانی چیئرمین کی دو سالہ غیرقانونی قید کے خلاف یک روزہ مظاہرہ کریں گے، جو سہ پہر 3:30 بجے شروع ہو کر نمازِ عشاء تک جاری رہے گا۔
اسی طرح نوشہرہ کے کارکن خیر آباد کے مقام پر یکجا ہو کر احتجاجی مظاہرہ کریں گے، جو انہی اوقات میں ہوگا۔
پارٹی نے تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان اور سابق امیدواروں (ٹکٹ ہولڈرز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اجتماعات یا احتجاجی ریلیوں کی ویڈیوز تیار کریں اور انہیں ضلعی تنظیم کے ذریعے ریجنل قیادت کو جمع کروائیں۔