اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )ایف آئی اے کو پی ٹی آئی کو مبینہ غیر قانونی فنڈنگ میں ملوث مزید 18 کمپنیوں کے شواہد مل گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی ہدایات پر پی ٹی آئی کو غیر قانونی فنڈنگ کی تحقیقات کے دوران ایف آئی اے حکام کو مزید 18 کمپنیوں سے متعلق شواہد ملے ہیں جس کے بعد پی ٹی آئی کو مبینہ طور پر غیر قانونی فنڈنگ فراہم کرنے والی کمپنیوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ 25 کمپنیوں میں سے صرف 11 کمپنیاں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ ہیں، ان رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ کمپنیوں نے مبینہ طور پر پی ٹی آئی کو کروڑوں روپے کی غیر قانونی فنڈنگ فراہم کی۔
ان کمپنیوں میں سے 7 کمپنیاں کراچی، 2 لاہور اور 2 پشاور کمپنیاں رجسٹرڈ آفس میں رجسٹرڈ ہیں، انکوائری ٹیم نے ان 18 رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کو کال اپ نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ عدالت کے حکم پر کال اپ نوٹسز پر پیش نہ ہونے والی 7 کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سیکرٹریٹ میں 7 کمپنیوں کے اکاؤنٹس سے رقم جمع کرائی گئی اور پی ٹی آئی کو تمام کمپنیوں کی فنڈنگ مبینہ طور پر غیر ملکی فنڈنگ سے منسلک ہے۔