اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے اٹک جیل میں ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیار کرلی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات کرنے والے 26 افراد کی فہرست تیار کی ہے جس میں ان کے خاندان کے افراد اور پارٹی رہنماوں کے علاوہ ان کے ڈاکٹرز اور وکلاء بھی شامل ہیں
ذرائع کے مطابق ملاقات کی فہرست میں اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد قیصر، شبلی فراز، علی امین گنڈا پور کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ علی محمد خان، عمر ایوب اور رؤف حسن کے نام بھی ملاقاتیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں ہونے کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی نے اسد عمر سے ملاقات کی خواہش کا اظہار نہیں کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ملاقات کے لیے ڈاکٹر فیصل سلطان کا نام لیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں وکلاء نعیم پنجوٹھا، علی اعجاز بٹر، گوہر علی، خواجہ حارث، سلمان صفدر اور شیر افضل مروت کے نام شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں 5 اگست کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی اور اسی روز عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کرکے اٹک منتقل کیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف نے بھی عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کو کالعدم قرار دینے اور ٹرائل کورٹ کے جج کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔