اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف ضلع پشاور کی تنظیم نے 27 ستمبر کو ہونے والے جلسے میں بدنظمی اور ناخوشگوار واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ضلعی صدر عرفان سلیم کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں عمران خان کی کال پر ہونے والے بڑے جلسے میں عوام کی بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر افسوس ظاہر کیا گیا کہ جلسہ گاہ میں انتظامات کی خامیوں اور پولیس کے رویے کے باعث کارکنان اور مہمانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صحافیوں سے ناروا سلوک اور پولیس تشدد کو بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
تنظیم نے واضح کیا کہ جلسے کے انتظامات اور اسٹیج کی ذمہ داریاں ضلعی تنظیم کے پاس نہیں تھیں، صرف ایک سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر ضلعی کابینہ کا ایک رکن موجود تھا۔ اجلاس میں اس تاثر کو بھی رد کر دیا گیا کہ ناقص انتظامات کی ذمہ داری پشاور تنظیم پر عائد ہوتی ہے۔
مزید تحقیقات کے لیے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری قادر نواز کی سربراہی میں تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی گئی ہے، جس میں سینئر نائب صدر عامر سہیل خلیل اور نائب صدر رفیع اللہ بھی شامل ہیں۔ کمیٹی اپنی سفارشات ضلعی تنظیم کو پیش کرے گی اور یہ سفارشات بعد ازاں پارٹی اراکین میں شیئر کی جائیں گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ پشاور میں کسی بھی سیاسی سرگرمی کی براہِ راست ذمہ داری ضلعی تنظیم پر ہوگی اور اس سلسلے میں پارلیمنٹیرینز اور صوبائی قیادت کو مکمل تعاون فراہم کرنا ہوگا۔ بصورت دیگر ناکامی کا بوجھ ضلعی تنظیم پر ڈالنا قبول نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں میئر تحصیل متھرا کے ایک کارکن سے نامناسب سلوک کی بھی مذمت کی گئی، تاہم کارکن سے میئر کی بعد ازاں معذرت کا خیر مقدم کیا گیا۔ ضلعی تنظیم نے ملک بھر سے آنے والے مہمانوں سے دل آزاری پر معذرت کی اور یقین دلایا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔