قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی، بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ شامل تھے.
قبل ازیں ایک کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل نیاز اللہ نیازی نے عدالت کو بتایا کہ تحریک انصاف نے درخواست جمع کرائی ہے، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت نہیں ہے
قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے استفسار کیا کہ اگر آپ کا امیدوار اشتہاری ہے تو وہ کاغذات نامزدگی کیسے جمع کروا سکتے ہیں
وکیل نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ عمیر نیازی عدالت میں موجود ہیں، ان کے والد کے کاغذات نامزدگی پھاڑ د ئیے گئے ہیں، اب تک الیکشن کمیشن نے بلے کا نشان الاٹ کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں دیا.
پاکستان کے قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ ان کے اپنے ورکر کہہ رہے ہیں کہ پارٹی کے اندر انتخابات ٹھیک نہیں ہوئے.
جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا کہ کیا درخواست الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی ہے.
وکیل نیاز اللہ نیازی نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے، ہماری درخواست سماعت کے لیے مقرر کی جانی چاہیے، ملک میں جنگل کا قانون موجود ہے میں عدالت کو کیسے بتا سکتا ہوں کہ کیا ہو رہا ہے