اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے رات گئے اسپیکر ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد کیا جس میں پارٹی کے ارکان اور سینئر رہنما شامل تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے نامزد امیدوار سہیل آفریدی بھی موجود تھے اور پارٹی نے متفقہ طور پر انہیں وزیرِاعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے آئینی اور پارلیمانی طریقۂ کار پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ علی امین گنڈا پور کے استعفے میں آئینی پیچیدگی کے بعد ایک نیا تحریری استعفیٰ تیار کر کے گورنر کو بھیجا جائے گا، جس سے عدم اعتماد کی تحریک کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
پی ٹی آئی صوبائی صدر جنید اکبر نے اجلاس کے بعد کہا کہ پارٹی کے پاس اس وقت 92 ووٹ موجود ہیں اور ہدف 100 ووٹ حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے دیگر جماعتوں سے رابطے جاری رکھنے کی بھی تصدیق کی۔
ذرائع کے مطابق آج سہ پہر 3 بجے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں پارٹی پر لگائے گئے الزامات کا بھی باضابطہ جواب دیا جائے گا۔ اس پیش رفت کے بعد صوبے کی سیاسی فضا میں کشیدگی بڑھ گئی ہے اور آئندہ 24 گھنٹے فیصلہ کن ہو سکتے ہیں۔