اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کےکارکنوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے۔
جڑواں شہریوں میں پانچ مختلف جگہوں پر احتجاج کیا گیا
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب موٹروے (M2) پر احتجاج کرتے ہوئے مرکزی شاہراہ بلاک کردی۔ مظاہرین نے روات، شمس آباد، بیکری چوک، کھنہ پل اور مین ایکسپریس وے کورال اور ٹھلیاں کے قریب ٹائر جلا کر سڑکوں کو بند کر دیا۔
کے پی کے سے اسلام آباد جانے والی ٹیکسلا روڈ کو بھی بلاک کر دیا گیا
راولپنڈی کے مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے بند سڑکوں سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ وفاقی دارالحکومت میں مختلف مقامات پر بندش کے باعث ٹریفک کی آمدورفت میں شدید خلل آیا
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے اسلام آباد موٹر وے بلاک کرنے کے بعد دارالحکومت پولیس اور رینجرز کے دستے لاہور اور پشاور روانہ کردیئے گئے ہیں۔
ایک اور ٹویٹ میں، کیپٹل پولیس نے کہا کہ وہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی کرے گی جو وفاقی دارالحکومت میں بغیر اجازت احتجاج کرنے میں ملوث ہوں گے۔