اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان تک رسائی دی جائے، عمران خان سے تمام بات چیت سن کر لائحہ عمل بنانا چاہتے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کل عمران خان کے سر پر چوٹ آئی، ان کی زخمی ٹانگ کو ڈنڈوں سے مارا گیا، اس وقت پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں موجود ہیں، ہمیں عمران خان تک رسائی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں بے چینی کی کیفیت ہے، حکمرانوں نے ملک کو آئینی بحران میں دھکیل دیا ہے، پارلیمنٹ کو عدلیہ سے لڑانے کی کوشش کی گئی ہے، اس وقت ملک معاشی بحران کا شکار ہے جبر کا کوئی جواز نہیں، آج پورے پاکستان میں احتجاج ہو رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ پرامن احتجاج جاری رکھیں، تمام کارکنان قانون کے اندر رہتے ہوئے احتجاج کریں، آج 2 بجے مرکزی دفتر میں اجلاس کی صدارت کروں گا، عمران خان سے ملاقات کی کوشش کروں گا۔ آگے بڑھو، ہمیں سمجھداری سے آگے بڑھنا ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے گھر میں 9 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، مجھے اپنے بچوں پر فخر ہے، مجھے تحریک انصاف کے ہر کارکن پر فخر ہے، میں میڈیا پر پابندی کی مذمت کرتا ہوں، میڈیا سے درخواست ہے کہ قوم کو بتائیں۔ بجا طور پر آئینہ دکھائیں، قانون، جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں
اسد عمر
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ گرفتاری قانون کے مطابق نہیں کی گئی، پرامن احتجاج مل کر استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ باتیں ایک سازش کے تحت کی گئی ہیں، پارٹی کی قیادت شاہ محمود قریشی کے پاس ہے، 7 رکنی کمیٹی کی سربراہی شاہ محمود قریشی کر رہے ہیں، اگر قانون کے تقاضے پورے کرنے ہیں تو پھر خدشات کو دور کرنا ہوگا. تحقیقات ہونی چاہیے۔