اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 اراکین کی معطلی کے معاملے پر حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان ہونے والی بات چیت کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی، جس کے باعث ڈیڈ لاک مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حکومت کی جانب سے قائم مذاکراتی کمیٹی کی شرائط کو اپوزیشن نے مسترد کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ٹیم کی یہ شرط کہ ایوان میں احتجاج یا شور شرابہ نہ کیا جائے، حزب اختلاف کو قابل قبول نہیں ہے۔
اپوزیشن کے ذرائع نے اس مؤقف کو دہرایا کہ پارلیمانی احتجاج ان کا آئینی و جمہوری حق ہے، جس سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایوان میں احتجاج ہوگا، تو آواز بلند بھی ہوگی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے صرف ان نکات پر بات چیت کی جائے گی جن کا تعلق ایوان میں گالم گلوچ سے ہے۔ ذرائع کے مطابق، اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ ایوان کے اندر بد زبانی پر دونوں طرف کے اراکین کے خلاف یکساں کارروائی کی جائے۔
ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ اپوزیشن آئندہ ایک یا دو روز میں حکومتی کمیٹی سے دوبارہ ملاقات کرے گی، مگر گفتگو صرف شائستگی کے دائرے میں رہنے کے اصول پر ہی ہوگی۔