اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید میلادالنبی کے موقع پر فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے عید میلادالنبی کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کا حکم دیا اور مریم نواز نے پولیس افسران کو خود علمائے کرام سے ملنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی جس کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے منظوری دے دی اور پولیس اہلکاروں کو اے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں اور بلٹ پروف جیکٹس دینے کا حکم بھی دیا گیا۔ فوری طور پر پولیس کے لیے ایک ارب روپے کی گرانٹ بھی منظور کر لی گئی۔
مریم نواز نے سرحدی چوکیوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی تربیت کی ہدایت کی اور بارڈر سیکیورٹی چیک پوسٹوں کو مضبوط اور بہتر بنانے کا حکم دیا، بارڈر ملٹری پولیس کی تنظیم نو اور جدید تربیت کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈیوٹی پر مامور پولیس فورس پر باڈی کیمرے لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، غیر قانونی اسلحہ کے خاتمے کے لیے مہم تیز کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے۔
136