اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملنی چاہئیں، حکومت پنجاب صحت کے نظام میں مزید بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔
نگرا ن وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے معاملات کو جلد بہتر کیا جائے، مفت علاج ہر نادار مریض کا حق ہے، غریب مریضوں کی مالی معاونت کا جائزہ لیا جائے گا۔ . .
اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا گیا جبکہ شرکاء نے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات اور خدمات کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات پیش کیں۔
صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری خزانہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔