اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پنجاب حکومت نے صوبے میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ کابینہ نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا، دریائے راوی 90 فیصد اور دریائے ستلج پر بھیم ڈیم 70 فیصد بھر چکا ہے، دونوں دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ ہے، سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بارش،بلوچستان میں 6 افراد جاں بحق، 13 زخمی ، کشمیر، خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال
انہوں نے مزید کہا ہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ سے 22 ہزار کیوسک کاریلا گزر رہا ہے، دہلی اس وقت مکمل طور پر ڈوب چکا ہے، بھارت میں مزید بارشیں ہوئیں تو شاہدرہ بھی 1988 کی طرح زیر آب آ سکتا ہے، بارشوں سے دریائے راوی اور ستلج میں طغیانی آسکتی ہے، لوگوں نے دریا کے کناروں پر غیر قانونی بستیاں آباد کر رکھی ہیں، دریا کے 9 کناروں کے اندر غیر قانونی بستیاں بنائی گئی ہیں۔
نگراں صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے کہ سیلاب میں اضافے کا خدشہ ہوا تو ہم فوری طور پر آبادی کو خالی کرائیں گے۔ جب علاقہ خالی کرنے کا کہا جائے تو عوام حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ ہر علاقے میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر انخلا کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ متعلقہ محکمے ہر آبادی کی نگرانی کر رہے ہیں۔