قائد اعظم کے نواسے اور اہلخانہ کے خلاف جعلسازی اور دھوکہ دہی کے الزامات پر مقدمہ درج

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بھارتی شہر ممبئی میں پولیس نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے نواسے اور معروف صنعت کار نوسلی نیول واڈیا، ان کی اہلیہ مورین واڈیا اور بیٹوں نیس اور جہانگیر واڈیا سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی دستاویزات تیار کر کے انہیں عدالت میں جمع کرایا۔ یہ مقدمہ ممبئی کی بوریولی میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ کے حکم پر درج کیا گیا، جس نے بانگور نگر پولیس کو دھوکا دہی، جعلسازی، مجرمانہ سازش اور عدالت میں جعلی کاغذات پیش کرنے کے الزامات پر ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔

یہ تنازعہ تقریباً 30 سال پرانے ایک ترقیاتی معاہدے سے جڑا ہوا ہے جو واڈیا خاندان اور فیرانی ہوٹلز کے درمیان ہوا تھا۔ اس معاہدے کے تحت ممبئی کے علاقے مالاد کی زمین کو ڈیولپ کرنے کا منصوبہ تھا اور طے پایا تھا کہ واڈیا خاندان کو کل آمدنی کا 12 فیصد حصہ دیا جائے گا۔ تاہم 2008 میں اختلافات پیدا ہوئے اور یہ معاملہ ہائی کورٹ سے ہوتا ہوا سپریم کورٹ تک جا پہنچا۔

فیرانی ہوٹلز کے سی ای او مہندرا چاندے نے پولیس کو دی گئی شکایت میں کہا ہے کہ ملزمان نے 2010 میں بمبئی ہائی کورٹ میں ایک کمرشل مقدمے کے دوران جعلی دستاویزات پیش کیں۔ ان کے مطابق انہوں نے پہلے بانگور نگر پولیس اور پھر ممبئی پولیس کمشنر سے رابطہ کیا لیکن کارروائی نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کیا۔ عدالت کے حکم پر آخرکار پیر کو مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس تحقیقات کے ابتدائی مرحلے میں ہے اور بڑی تعداد میں دستاویزات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حتمی رائے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد دی جائے گی۔رپورٹس کے مطابق نوسلی واڈیا کے بیٹے نیس واڈیا اس معاملے پر تبصرے کے لیے دستیاب نہیں ہو سکے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔