اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)معروف یوٹیوبر اور ٹک ٹاک اسٹار رجب بٹ نے واضح کیا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے ان کے ویزا کینسل کیے جانے کے بعد انہیں ڈی پورٹ نہیں کیا گیا، ورنہ وہ بزنس کلاس میں پاکستان واپس نہیں آتے۔ رجب بٹ گزشتہ شب ندیم نانی والا کے ہمراہ پاکستان پہنچے اور آج صبح اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، جہاں انہیں 10 دن کی راہداری ضمانت فراہم کی گئی۔
صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ہوم آفس کی جانب سے ان کے خلاف کیسز کے باعث ویزا کینسل کیا گیا، لیکن ڈی پورٹ نہیں کیا گیا، اور ان کے وکیل نے اس فیصلے کے ریویو کے لیے درخواست دی ہے۔ رجب بٹ نے مزید کہا کہ ان کا 10 سالہ ویزا تھا اور کراچی میں بھی دس دن کے اندر عدالت میں پیش ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں ہے اور جب تک کیسز زیر سماعت ہیں، وہ پاکستان میں ہی قیام کریں گے۔ رجب بٹ نے کہا کہ اگر برطانیہ میں ویزا کینسل ہوتا ہے تو عام طور پر 10 سال کا پابندی لگ جاتی ہے، لیکن وہ اس پابندی سے بچنا چاہتے ہیں اور مستقبل میں وزٹ کے لیے برطانیہ جا سکتے ہیں، مگر فی الحال پاکستان میں ہی قیام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں :برطانیہ،پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ ملک بدر
اسی طرح ٹک ٹاک اسٹار ندیم نانی والا نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی وضاحت کی کہ ان کا ویزا کینسل نہیں ہوا، کیونکہ وہ برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف اسلام آباد میں دو ایف آئی آرز درج تھیں، جن پر ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کر لی گئی ہے اور اب وہ قانونی کارروائی کے مکمل ہونے تک اپنے کیسز پر توجہ مرکوز کریں گے۔ ندیم نانی والا نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں ایک ملاقات کی تھی جس کے دوران کچھ باتیں ہوئی تھیں، اور سوشل میڈیا پر اس ملاقات کے حوالے سے باتیں چل رہی ہیں، لیکن وقت آنے پر وہ سب حقائق عوام کے سامنے پیش کریں گے۔