اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )راجن پور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کے لیے صبح 8 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا، 3 لاکھ 79 ہزار 204 ووٹرز ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔
ضمنی انتخاب میں 11 امیدوار میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے درمیان ہوگا، پی ٹی آئی کے محسن لغاری اور ن لیگ کے عمار لغاری میں جوڑ پڑے گا، پیپلزپارٹی کے اختر حسن گورچانی بھی امیدوار ہیں۔
الیکشن کمیشن نے حلقے میں ووٹ ڈالنے کے لیے 237 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے ہیں جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، رینجرز اور فوج کے جوان بھی گشت کریں گے۔
راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔