اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم کے مشیر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے مذاکرات کا پیغام دیا تو انکار نہیں کریں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنا دی ہے لیکن مذاکرات کے لیے کوئی پیغام نہیں دیا۔ اگر ہمیں مذاکرات کا پیغام ملے تو ہم انکار نہیں کریں گے۔ حتمی کال سے قبل پی ٹی آئی سے رابطہ کیا گیا تاہم عمران خان کی رہائی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو دل سے معافی مانگنے کی پیشکش کی ہے وہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتے، کیوں نہیں کہتے کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا کہ 9 مئی کو ہم نہیں تھے وہ خود تھے، تلخیوں میں اضافہ ہے۔ پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنا دی ہے لیکن مذاکرات کا پیغام نہیں دیا۔ پی ٹی آئی کا اس وقت ہمارے لیے پیغام ہے کہ ہم آپ سے مذاکرات کیوں کریں؟
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مدرسہ رجسٹریشن کا معاملہ بیٹھ کر حل کیا جا سکتا ہے۔ مدرسہ رجسٹریشن کے معاملے میں کوئی تعطل نہیں ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ سوسائٹی ایکٹ یا وزارت تعلیم کے تحت رجسٹرڈ ہے۔