اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )رینجرز نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے 6 بھارتی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سرحد پر تعینات پنجاب رینجرز نے منشیات اور اسلحہ کی اسمگلنگ میں ملوث 6 بھارتیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی سمگلر پاکستان کی سرحد سے پکڑے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملزمان میں فیروز پور کا رہائشی گرومیج سنگھ، شندر سنگھ، جگندر سنگھ، وشال سنگھ، جالندھر کا رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ کا رہائشی گروندر سنگھ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار بھارتی منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں اور بھارتی سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کا اسمگلروں سے ممکنہ گٹھ جوڑ بعید از قیاس نہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف کی زیر نگرانی سرحد سے بھارتی سمگلروں کی بلا روک ٹوک نقل و حرکت حیران کن ہے، بھارتی سمگلروں کے خلاف ریاست مخالف سرگرمیوں سے پاکستانی قوانین کے مطابق نمٹا جائے گا۔