اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) گزشتہ تین سالوں کے دوران ملک بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے، خاص طور پر جنسی زیادتی کے واقعات۔
اعداد وشمار خواتین کے خلاف تشدد میں تشویشناک اضافے کی نشاندہی کی۔ جنس کی بنیاد پر جرائم کے 63,367 سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، 3,987 خواتین کو قتل کیا گیا اور 10,500 سے زیادہ خواتین جنسی تشدد کا شکار ہوئیں۔
صرف سال 2019 میں خواتین کے خلاف 25,389 واقعات رپورٹ ہوئے جب کہ 2020 میں زیادتی اور ریپ سمیت دیگر جرائم کے 23,789 واقعات سامنے آئے۔ اسی طرح، 2021 میں، 14،189 مقدمات درج کیے گئے۔
اعدادوشمار کے مطابق 2019 سے 2021 تک ملک بھر میں 3 ہزار 987 خواتین کو قتل کیا گیا جب کہ خواتین سے زیادتی کے 10 ہزار 517 مقدمات درج ہوئے۔
اسی عرصے کے دوران خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے 643 واقعات ہوئے اور خواتین پر تشدد کے 5 ہزار 171 مقدمات درج ہوئے۔ اس کے علاوہ 1025 خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا جبکہ تیزاب گردی کے 103 واقعات پیش آئے۔
چولہے پھٹنے کی وجہ سے جلنے کے 38 واقعات درج ہوئے اور 41,513 خواتین کو اغوا کیا گیا۔
یہ بات قابل غور ہے کہ ‘چولہے سے ہونے والی اموات اکثر گھریلو زیادتی اور تشدد کی ایک طویل تاریخ سے جنم لیتی ہیں اور بعد میں انہیں "خود سوزی” کے واقعات کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
مزید پریشان کن بات یہ ہے کہ حقوق کے کارکنوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ خود کشی کی کوششوں کے طور پر جلنے والے زخم بھی زندہ بچ جانے والے کے سسرال والوں کی طرف سے قتل کی کوشش کی پردہ پوشی ہو سکتے ہیں اور خواتین اکثر خود ہی اس گھناؤنے جرم کی ذمہ داری اپنے اوپر منتقل کرنے کا انتخاب کرتی ہیں۔