اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فرانس کے تاریخی لوور میوزیم میں ایک حیران کن واردات
چوروں نے کرین کی مدد سے میوزیم میں داخل ہو کر نایاب شاہی زیورات چرا لیے اور باآسانی فرار ہو گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ چوروں نے اتوار کی صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر کارروائی کی۔ کرین کے ذریعے میوزیم کی بالائی منزل کی کھڑکی توڑ کر وہ اندر داخل ہوئے اور چند منٹوں میں قیمتی نوادرات سے بھرے شوکیسز خالی کر کے فرار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق واردات کے بعد چو رموٹر سائیکلوں پر فرار** ہوگئے، جب کہ میوزیم اس وقت عوام کے لیے کھل چکا تھا۔ چوروں نے کسی کو نقصان نہیں پہنچایا اور انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی انجام دی۔فرانس کی وزیرِ ثقافت رشیدہ داتی نے بتایا کہ "واردات محض چار منٹ میں مکمل کی گئی۔ چوروں نے سکون سے شیشے کے شوکیس توڑے، زیورات سمیٹے اور بغیر کسی تشدد کے چلے گئے۔”انہوں نے تصدیق کی کہ میوزیم کے باہر سے ایک زیور برآمد ہوا ہے جو بظاہر چوروں کے فرار کے دوران گر گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق وہ زیور نپولین سوم کی اہلیہ ملکہ ایوجینی کا تاج تھا، جو گرنے سے ٹوٹ گیا۔فرانس کے وزیرداخلہ لوران نونیز نے بتایا کہ واردات میں تین سے چار چور ملوث تھے جو ٹرک پر نصب کرین کے ذریعے داخل ہوئے۔ انہوں نے متعدد شوکیسز کا جائزہ لیا اور صرف وہی زیورات چرائے جن کی تاریخی اور نایاب حیثیت تھی۔نونیز نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور معاملہ پولیس کے اس خصوصی یونٹ کے سپرد کیا گیا ہے جو اعلیٰ سطحی فنی چوریوں کی تفتیش میں مہارت رکھتا ہے۔سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کے مشہور ترین میوزیم میں اس قدر جری چوری نے سیکیورٹی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔لوور میوزیم انتظامیہ کے مطابق اس واقعے کے بعد میوزیم کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔یہ یاد رہے کہ لوور دنیا کا سب سے زیادہ وزٹ کیا جانے والا میوزیم ہے، جہاں گزشتہ سال 87 لاکھ سیاح آئے تھے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں لیونارڈو ڈاونچی** کی مشہور تخلیق **مونا لیزا** بھی رکھی گئی ہے۔