اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان اور چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کو وسعت دینے اور علاقائی روابط اور تعاون کو بڑھانے کے لیے منصوبے میں تیسرے فریق کو شامل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیجنگ میں پاکستان اور چین کے دو طرفہ سیاسی مشاورت (پی بی سی) کے تیسرے دورے کے بعد دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے سی پیک کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ جو دوطرفہ تعاون کا ایک اہم ستون ہے اور پاکستان اور چین کے درمیان ہمیشہ سے گہری ہوتی دوستی کی علامت ہے۔
مزید بتایا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور سیاسی و سیکورٹی تعاون، دوطرفہ تجارت، اقتصادی و مالیاتی تعاون، ثقافتی تبادلے، سیاحت جیسے تعلقات کو وسعت اور مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین اعلیٰ سطحی روابط اور مذاکرات کے طریقہ کار کو بھی فروغ دیں گے اور مواصلات کے ذرائع کو مضبوط کریں گے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے کی۔
پاکستان اور چین کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر بات چیت اور تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔