اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی تحقیقاتی ادارےنے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کےچپڑاسی قیصر اقبال بھٹی نے کرپشن سے پیسہ کمایا جس کے تانے بانے راسخ الٰہی اور ان کی اہلیہ مونس الٰہی اور ان کی اہلیہ سے جڑے ہوئے ہیں۔ بینک ریکارڈ کے مطابق قیصر اقبال بھٹی کے اکاؤنٹس کا ٹرن اوور 811 ملین پاکستانی روپے اور 4000 یورو ہے۔ قیصر اقبال بھٹی سے لین دین کی بنیاد پر راسخ الٰہی ان کی اہلیہ اور مونس الٰہی کی اہلیہ کو طلب کیا گیا۔ قیصر اقبال بھٹی کے اکاؤنٹس سے 32.5 ملین روپے چوہدری خاندان کو منتقل کیے گئے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الٰہی کے بیٹے اور دو بہوؤں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرادی۔ حکام نے تحریری طور پر بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے چپڑاسی قیصر اقبال بھٹی کے اثاثے ان کی آمدن سے زائد ہیں۔
ایف آئی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ قیصر اقبال بھٹی بھی منی لانڈرنگ میں ملوث ہے۔ اس نے تحریم الٰہی، زارا الٰہی اور راسخ الٰہی کے ساتھ غیر واضح بینکنگ لین دین کیا۔ قیصر اقبال بھٹی کا 11 افراد اور 3 کمپنیوں کے ساتھ غیر واضح لین دین تھا۔ 3 کمپنیوں کے ساتھ کل 129.8 ملین ٹرانزیکشنز کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق قیصر اقبال بھٹی نے مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی سے 27 ملین کی غیر واضح لین دین کی جب کہ راسخ الٰہی اور ان کی اہلیہ زارا الٰہی سے 83 کروڑ 50 لاکھ کا لین دین ہو ا۔ اینٹی کرپشن رپورٹ کی روشنی میں راسخ الٰہی، تحریم الٰہی اور زارا الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کی دفعات کا مقدمہ درج کیا گیا۔
فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کی روشنی میں قیصر اقبال بھٹی کے خلاف مشکوک لین دین کی تحقیقات گزشتہ سال شروع کی گئی تھیں۔