اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )کرنسی اور تیل کے بعد چینی، کھاد اور گندم کی اسمگلنگ کی رپورٹ بھی وزیراعظم سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سے چینی، کھاد اور گندم کی سمگلنگ کی تفصیلات رپورٹ کا حصہ ہیں جب کہ رپورٹ میں گندم، کھاد، چینی سمگلرز اور سرکاری افسران کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں گندم کی اسمگلنگ میں ملوث 592 ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ 26 اسمگلر گندم کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال آئی بی نے متعلقہ محکموں کو 417 رپورٹس بھیجیں، حساس ادارے کی نشاندہی پر 90147 میٹرک ٹن ذخیرہ شدہ اور سمگل شدہ گندم قبضے میں لی گئی۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں سمگلروں کی مدد کرنے والے 259 اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی ہے، صوبائی حکومتوں میں تعینات اہلکار سمگلروں، ذخیرہ اندوزوں کو مدد فراہم کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 272، سندھ میں 244 اور کے پی میں 56 سرکاری اہلکار اسمگلروں کے مددگار ہیں جب کہ بلوچستان میں 15 اور اسلام آباد میں 5 اہلکار اسمگلروں کے ساتھی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حساس ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ایرانی تیل کے کاروبار میں 29 سیاستدان بھی ملوث ہیں۔