اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخوں پر نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق کیس میں 14 مئی کے انتخابی فیصلے پر نظرثانی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے 4 اپریل کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عدلیہ کو انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں، آئین بنانے والوں نے عدلیہ کو تاریخ دینے کا حق نہیں دیا۔
الیکشن کمیشن نے درخواست میں کہا ہے کہ آئین پاکستان نے اداروں کے اختیارات کو بالکل واضح کیا ہے، اس لیے سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دے کر قانون میں تبدیلی کی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس نے کیس میں ریمارکس دیئے تھے کہ عدالت 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم واپس نہیں لے گی۔