اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کی مدت اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے، عوام کے مینڈیٹ سے نئی حکومت آئے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم بھرپور محنت کر رہی ہے
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وسائل نوجوانوں کے قدموں پر نچھاور کیے جائیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مدت اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے، عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ نئی حکومت آئے گی اور مختلف صوبوں میں 5 سے 10 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ نوجوان ہماری قوم کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بینک بڑے کاروباری گھرانوں کو آسانی سے قرضہ دیتے ہیں، بینکوں کو یقینی بنانا ہوگا کہ نوجوانوں کو بھی قرض ملے، پچھلی حکومت نے نوجوانوں، کسانوں، چھوٹی صنعتوں کا خیال نہیں رکھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غربت اور بے روزگاری سے نجات کے لیے مربوط منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ پاکستان اب ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر ہے وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اشرافیہ کو بوجھ قبول کرنا ہوگا، محنت کش پہلے ہی دباؤ میں ہے، اگر پاکستان ترقی کرنا چاہتا ہے تو کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا، بجلی اور گیس کی چوری کا خاتمہ کرنا ہوگا