اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)جیسے جیسے کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں سیاحت بڑھ رہی ہے، ویسے ویسے ہوٹل ریسٹورانٹس بھی مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔ اوپن ٹیبلOpenTable اور کائیکAYAKکے ایک نئے مطالعے کے مطابق اب ہوٹلوں کے ریسٹورانٹس محض مہمانوں کے لیے ہی نہیںبلکہ مقامی شہریوں کے لیے بھی پرکشش بنتے جا رہے ہیں۔
ایک رپورٹ میں اوٹاوا کے دو ریسٹورانٹس ویسٹن ہوٹل میں واقع "دی شور کلب اور فیئر مونٹ شاتو لوریئر (Fairmont Château Laurier) کا "زوئیز (Zoe’s)” — کو ملک بھر کے 50 بہترین ہوٹل ریسٹورانٹس میں شامل کیا گیا ہے۔
ان میں ٹورنٹو، وینکوور اور ایڈمنٹن کے کئی معروف ریسٹورانٹس بھی شامل ہیں۔اوپن ٹیبل کینیڈا کے سینیئر کنٹری ڈائریکٹر میٹ ڈیوس کے مطابق، “ہوٹل ڈائننگ کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ اب ہوٹل ریسٹورانٹس میں کھانے والوں میں تقریباً 61 فیصد مقامی افراد ہوتے ہیں، جو صرف رات گزارنے نہیں بلکہ اچھا کھانا کھانے آتے ہیں۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایک شاندار کھانے کا تجربہ سیاح کے مجموعی تاثرات پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔68 فیصد کینیڈین کا کہنا ہے کہ اگر ہوٹل میں کھانے کا تجربہ اچھا ہو تو وہ دوبارہ وہی ہوٹل بک کریں گے، جبکہ 74 فیصد افراد کسی ہوٹل کے ریسٹورانٹ کو صرف اس لیے آزمانے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں اگر وہ کسی قابل اعتماد ذریعے سے اس کی تعریف سن لیں۔
مزید برآں، 29 فیصد نے کہا کہ وہ اس بنیاد پر ہوٹل ریسٹورانٹ کا انتخاب کرتے ہیں کہ آیا وہاں کا کھانا "سوشل میڈیا پر دکھانے کے قابل” ہے یا نہیں۔کائیک کی چیف کمیونیکیشن آفیسر کیٹ ولیمز نے کہا، “آج کا مسافر صرف یہ نہیں پوچھ رہا کہ کہاں جانا ہے بلکہ یہ بھی پوچھ رہا ہے کہ وہاں جا کر کھانے میں کیا ہوگا؟” انہوں نے مزید کہا کہ اچھے کھانے کے تجربات اب ہر سفر کا اہم حصہ بن چکے ہیں اور ہوٹل اس رجحان کے مطابق خود کو ڈھال رہے ہیں۔
دی شور کلب اور ویسٹن ہوٹل اوٹاوا کے معروف رائیڈو سینٹر اور بائی وارڈ مارکیٹ کے قریب واقع ہیں، جبکہ فیئر مونٹ شاتو لوریئر ہوٹل پارلیمنٹ ہل کے بالکل سامنے ہے۔فیئر مونٹ شاتو لوریئر کی جنرل منیجر جینیویو ڈوماس نے ایک ای میل بیان میں کہا:“اس فہرست میں شامل ہونا ہماری پوری ٹیم کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے
— ہمارے شیف سے لے کر ویٹرز تک — جو ہر روز اس بات کی کوشش کرتے ہیں کہ مہمانوں کو یادگار تجربہ فراہم کریں۔ہمیں فخر ہے کہ ہمیں کینیڈا کے بہترین ریسٹورانٹس میں شمار کیا گیا، اور ہم ہر پلیٹ اور ہر تفصیل میں مزید بہتری لانے کے لیے مزید پرعزم ہیں۔