اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)الیکشن کمیشن نے شہر قائد کے بلدیاتی انتخابات میں تمام 235 یو سیز کے نتائج جاری کر د ئیے ہیں جس کے مطابق کراچی میں پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں، جماعت اسلامی دوسرے اور پی ٹی آئی تیسرے نمبر پر ہے۔
الیکشن کمیشن سے موصول ہونے والے غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 93 یو سیز پر کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی ہے جس نے 86 نشستیں حاصل کیں جبکہ تیسرے نمبر پر پی ٹی آئی ہے جس نے یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 40 نشستیں حاصل کیں۔
مسلم لیگ (ن) نے سات، جے یو آئی (ف) نے تین، ٹی ایل پی نے دو اور مہاجر قومی موومنٹ نے ایک نشست جیتی، تین یوسیوں سے آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔
10 یوسیوں میں امیدواروں کی موت کے باعث پولنگ نہ ہوسکی اور ایک نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسی چیئرمین وائس چیئرمین بلا مقابلہ جیت گئے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں پیپلز پارٹی کامیاب ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں پیپلز پارٹی کا غلبہ رہا بلدیاتی انتخابات کے دوران حیدرآباد، جوہی، سیہون، ٹھٹھہ، جامشورو، خیرپور ناتھن، مٹیاری، میہڑ، دادو، سجاول، بدین میرپور ساکرو، ماتلی اور دیگر اضلاع کی یونین کمیٹیوں میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
کراچی کی طرح حیدرآباد میں بھی پیپلز پارٹی کو برتری حاصل ہے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضلع حیدرآباد کی 3 ہزار سے 101 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی نے 1034 نشستیں حاصل کی ہیں۔
اسی طرح موصول ہونے والی دیگر جماعتوں کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 126 نشستوں کے ساتھ دوسرے، جماعت سلامی 111 نشستوں کے ساتھ تیسرے اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس 15 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ یونائیٹڈ پارٹی نے 8 نشستیں حاصل کیں جبکہ آزاد امیدواروں نے بھی غلبہ حاصل کیا اور 92 نشستیں حاصل کیں۔
پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے دھاندلی کے باوجود کئی نشستیں جیتیں، الیکشن کمیشن دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے، الیکشن کمیشن آزادانہ اور شفاف انتخابات کرانے میں بری طرح ناکام ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کافی ثبوت ہیں جو عدالتوں میں پیش کریں گے، پی ڈی ایم کی چودھویں جماعت الیکشن کمیشن ہے، پی ٹی آئی پرامن جماعت ہے، پھر بھی امیدوار آر اوز کے دفتر کے باہر بیٹھے ہیں۔