اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے گزشتہ ماہ اسرائیل پر ایران کے براہ راست میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیلی کارروائی کے لیے ایرانی اہداف کی منظوری دے دی ہے۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع نے اہداف کی تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی یہ واضح کیا گیا کہ اسرائیلی فوج اہداف کو نشانہ بنائے گی یا نہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ متوقع اسرائیلی آپریشن کے آغاز کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا ہے۔یکم اکتوبر کو ایران نے اصفہان، تبریز، خرم آباد، کاراج اور اراک سے براہ راست اسرائیل پر 400 بیلسٹک میزائل داغے، جس کے بعد مقبوضہ یروشلم سمیت پورے اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔
یہ بھی پڑھیں
ایران نے بہت بڑی غلطی کردی ہے اسے اسکی قیمت چکانی پڑے گی،نیتن یاہو
بعد ازاں ایرانی میزائل حملوں پر ممکنہ اسرائیلی ردعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران کے میزائل حملے جارحانہ تھے لیکن درستگی نہ ہونے کی وجہ سے ناکام رہے، ہمارے جوابی حملے ایسے ہوں گے کہ وہ سمجھ نہیں پائیں گے کیا ہوا اور وہ حملوں کے نتائج کیسے دیکھیں گے۔
پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کو حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ پر حملے کا بدلہ قرار دیا۔پاسداران انقلاب کے مطابق ایرانی فضائیہ نے اسرائیل کے قلب میں کئی اہم فوجی اور سکیورٹی اڈوں کو کئی بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔ایرانی حملے کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی میزائل کچھ اسرائیلی فضائی اڈوں پر گرے ہیں۔