اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فیس بک دنیا کا مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے اور اس کے استعمال سے لوگوں پر عجیب و غریب اثرات سامنے آئے ہیں۔
فیس بک استعمال کرنے والوں میں دل کی بیماری سے قبل از وقت موت کا خطرہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دوست بنانے والوں کی نسبت کم ہوتا ہے۔یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
یونیورسٹی ہاسپٹلس کلیولینڈ میڈیکل سینٹر کی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک پر امیر لوگوں سے دوستی کرنے سے لوگوں کے طبی خطرات کم ہوتے ہیں۔ محققین نے کہا کہ سوشل نیٹ ورک صحت کے لیے اہم ہو سکتا ہے کیونکہ وہاں لوگوں کی بات چیت کے طویل مدتی اثرات ہو سکتے ہیں۔
مطالعہ کے لیے، 2018 اور 2020 کے درمیان 25 سے 65 سال کی عمر کے لوگوں کی 9 لاکھ سے زیادہ اموات کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ وہ صارفین جو دولت مند افراد سے دوستی کرتے ہیں ان میں قلبی بیماری سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
عمر، جنس اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی فیس بک کا عجیب فائدہ ہی ثابت ہوا۔ محققین نے کہا کہ اس کی وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے، لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ امیر لوگوں کے ساتھ دوستی کرنے سے لوگوں کی معاشی ترقی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی دوستی دل کی صحت مند عادات کو اپناتے ہوئے لوگوں کو تعلیمی اور روزگار کے مواقع فراہم کر سکتی ہے۔اس طرح لوگ نہ صرف معاشی طور پر مضبوط ہوتے ہیں بلکہ ان کی صحت کو بھی طویل المدتی بنیادوں پر فائدہ ہوتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج امریکن کالج آف کارڈیالوجی کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے گئے۔