اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ملک کے دارالحکومت اوٹاوا میں سرد درجہ حرارت کی واپسی کے بعد مشہور ریڈو کینال اسکیٹ وے دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں شہر میں برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شدید سرد ہواؤں کے باعث منگل کی رات درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی، جس کے بعد نیشنل کیپیٹل کمیشن (این سی سی) کے عملے نے کینیڈا کی سب سے بڑی اسکیٹنگ رِنک کی صفائی اور برف کو دوبارہ جما کر ہموار کرنے کا کام مکمل کیا۔ برف کو محفوظ رکھنے کے لیے اسے رواں ہفتے مختصر مدت کے لیے بند کیا گیا تھا، تاہم ایک روزہ وقفے کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔
Rideau Canal Skateway کی موجودہ صورتحال کے مطابق جمعرات کو درجہ حرارت تقریباً صفر ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہا، لیکن سرد ہواؤں کے باعث یہ منفی 10 ڈگری جیسا محسوس ہو رہا ہے۔ این سی سی کے مطابق اسکیٹ وے پر برف کی حالت اچھی سے بہت اچھی کے درمیان ہے۔
این سی سی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا، “مینٹیننس ٹیم نے بہترین کام کیا۔ ان کی محنت کی بدولت اسکیٹنگ اور پیدل چلنے کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔”
محکمہ ماحولیات کینیڈا کے مطابق جمعہ سے دارالحکومت میں وقفے وقفے سے برفباری کا امکان ہے۔ ماہرِ موسمیات ایلسٹر آلڈرز کے مطابق یہ سسٹم گزرنے تک تقریباً 10 سینٹی میٹر برف جمع ہو سکتی ہے۔
ہوا کی شدت کے باعث درجہ حرارت منفی 9 ڈگری جیسا محسوس ہوگا، جبکہ ہلکی برفباری کا سلسلہ رات بھر اور ہفتے کے اختتام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ موسمیاتی ادارے نے ہفتہ اور اتوار دونوں روز برفباری کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔
ہفتہ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جبکہ اتوار کو یہ تقریباً منفی 2 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔