روس یوکرین مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ،امریکی صدر کا دعوی

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والی بات چیت فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

یہ بات انہوں نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے فلوریڈا میں واقع اپنی نجی رہائش گاہ مارالاگو میں ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں مذاکرات اب آخری مرحلے میں ہیں اور یا تو جنگ کا خاتمہ ممکن ہو جائے گا یا پھر یہ تنازع مزید طویل ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں کئی عالمی تنازعات کے حل میں کردار ادا کر چکے ہیں، تاہم روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ اب تک کا سب سے پیچیدہ مسئلہ ثابت ہو رہی ہے۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ انہوں نے فریقین کے لیے کسی حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا، کیونکہ ان کی اولین ترجیح صرف اور صرف جنگ کا خاتمہ اور انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر زیلنسکی دونوں امن معاہدے کے خواہاں ہیں، اسی لیے وہ زیلنسکی سے ملاقات کے بعد ایک مرتبہ پھر پیوٹن سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں گے تاکہ مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں پیوٹن سے ہونے والی بات چیت مثبت اور نتیجہ خیز رہی ہے۔ ان کے مطابق ایک جامع اور مضبوط سیکیورٹی معاہدے پر کام جاری ہے جس میں یورپی ممالک کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گی، اور یورپ اس امن عمل میں متفق اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات نے پیش رفت کی راہ ہموار کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ 20 نکاتی امن منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان بند کمرہ اجلاس اور ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ امریکی وفد میں وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ، وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام اور عسکری قیادت کے نمائندے شامل تھے، جبکہ یوکرینی وفد میں قومی سلامتی کونسل کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک ہوئے۔یاد رہے کہ صدر زیلنسکی کینیڈا کے دورے کے بعد امریکا پہنچے تھے، جہاں انہوں نے تقریباً چار سال سے جاری روس۔یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی تجاویز پر مشاورت کی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں