224
اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز ) سعودی عرب نے فلسطینی علاقوں کے لیے غیر مقیم سفیر تعینات کر دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اردن میں سعودی عرب کے موجودہ سفیر نائف السدیری یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔ وہ مقبوضہ بیت المقدس کے قونصل جنرل کے طور پر بھی کام کریں گے۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق نائف السدیری نے اپنی اسناد عمان میں فلسطینی سفارت خانے کے ہیڈ کوارٹر میں جمع کرادی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق یہ تقرری سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی فلسطینی عوام کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور انہیں تمام شعبوں میں فروغ دینے کی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔دوسری جانب فلسطینی صدر کے مشیر ماجدی الخالدی نے کہا ہے کہ وہ اس تقرری کا خیرمقدم کرتے ہیں، اس سے دونوں ممالک کے مستحکم اور ٹھوس برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔