اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب نے گریٹر اسرائیل پر مبنی نقشہ مستردکر دیا ۔
سعودی وزارت خارجہ نے گریٹر اسرائیل پر مبنی نقشے کی شدید مذمت اور اسے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ریاستوں کی خودمختاری پر صریح حملے جاری رکھنے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے اردن، لبنان اور شام کے مختلف علاقوں پر مبنی گریٹر اسرائیل منصوبے پر مبنی نقشے جاری کرنے کی مذمت کی اور اسے مسترد کردیا۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بے بنیاد اور انتہا پسندانہ اقدامات قابض حکام کی اپنی گرفت مضبوط کرنے کے عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ممالک کی خود مختاری اور ان کی سرحدوں کا احترام کیا جانا چاہیے تاکہ خطے کو مشکلات سے بچاتے ہوئے مستقل بنیادوں پر امن کے قیام کی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔