اردوورلڈ کینیڈ ا ( ویب نیوز)وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ لندن آنے کا بنیادی مقصد دولت مشترکہ کی یوتھ منسٹرز کانفرنس میں شرکت کرنا ہے۔ نوجوانوں کی ترقی کے لیے 80 ارب روپے کا فنڈ بھی رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں 50 ممالک نے شرکت کی جس میں 40 وزراء شامل تھے، کانفرنس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کو خصوصی اہمیت دی گئی، سفارشات پر عملدرآمد کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔
بھارت کے ساتھ تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے بھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات منقطع ہیں۔
جلیل عباس جیلانی سے جب سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ نگراں حکومت کے اقدامات سے صورتحال بہتر ہوئی ہے جس نے اسمگلنگ روکنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت گرنا شروع ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو نکالنے کا فیصلہ مناسب ہے، اس سے غیر قانونی طور پر مقیم لوگوں کو ملک چھوڑنے کا وقت مل گیا ہے۔۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا۔