اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کے وزیر اعظم نے ون واٹر سمٹ کے موقع پر سعودی ولی عہد سے ملاقات کی ،سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کر لی۔
شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی اور غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔اطلاعات و نشریات کے وزیر عطا تارڑ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد نے 6 ماہ میں شہباز شریف کے ساتھ پانچویں ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان محبت اور باہمی احترام کو اجاگر کیا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر عمل درآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ولی عہد کا پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کر لیا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے خوشگوار ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے لیے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینا بہت ضروری ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کو فروغ دینا پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے سعودی مفاہمت نامے پر عمل درآمد کی رفتار اور پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق معاہدوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سعودی عرب پہنچنے پر ریاض کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔. اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، پاکستانی اور سعودی حکام بھی موجود تھے۔