اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ آئینی راستے سے آئے تھے اور ضمیر اور دل کے اطمینان کے ساتھ اسی راستے سے واپس جا رہے ہیں۔
قوم سے اپنے الوداعی خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی باگ ڈور نگران حکومت کے حوالے کر رہے ہیں۔ امید ہے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وقت اور ریکارڈ گواہی دے گا کہ پاکستان کو کم ترین عرصے میں دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا، پاکستان کے ڈوبتے جہاز کو بدترین طوفانوں سے بچا کر پرامن ساحلوں پر واپس لایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑا اور آنے والی حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم آئین کے ذریعے اقتدار میں آئے، اسی راستے سے واپس جا رہے ہیں، ہم نے نہ صرف ماضی کے اندھیروں کو ختم کیا بلکہ روشن مستقبل کی شمعیں بھی روشن کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ریاست دوسری طرف سیاست تھی، ہم نے ریاست بچانے کا فیصلہ کیا، ہم نے سیاسی خود غرضی نہیں قومی مفادات کو ترجیح دی، قرضے لینا کامیابی نہیں، 16 ماہ کانٹوں پر چلنے کا سفر تھا، اس وقت اگر ہم جلد الیکشن کروا سکتے تو ہمیں اس کا سیاسی فائدہ ہوتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے اللہ کے نام پر فیصلے کیے ہیں، ملک دیوالیہ ہوا تو کھانے پینے کی قلت ہوگی، نہ دوائی ہوگی نہ پیٹرول، صرف افراتفری اور فساد ہوگا
وزیراعظم نے کہا کہ دوست ممالک کا اعتماد بحال کیا، سیلاب زدگان کا ہاتھ تھاما، معاشی مشکلات کے باوجود کمزور طبقات کو ریلیف دیا، پانچ ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی، اسٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 100 سے تجاوز کر گیا۔